Monday, 8 August 2016

کے ایس ای 100 انڈیکس 86 پوائنٹس کا اضافہ، 10 کروڑ کے قریب شیئرز کا کاروبار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیز ی کا رجحان رہا ہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 86 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 86 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے سبب انڈیکس 39 ہزار 476 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے ۔ آج کے کاروبار میں 9 کروڑ 98 لاکھ 4 ہزار 230 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 5 ارب 44 کروڑ 80 لاکھ 36 ہزار 74 روپے رہی ۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 353 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا اور اس دوران 174 کمپنیوں کے شیئرز کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہوا جبکہ 159 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں کم ہوئیں اور 20 کمپنیوں کے حصص کی مالیت میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

وقاص شاہ قتل کیس، ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج آصف علی کو سزائے موت سنا دی گئی

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشتگردی کی عدالت نے وقاص شاہ قتل کیس میں ایم کیو ایم کے سابق یونٹ انچارج سید آصف علی کو سزا ئے موت، سات سال قید اور5لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک سال قید بھگتنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پیر کے روز وقاص شاہ قتل کیس کا فیصلہ سنا دیاہے ۔فیصلے کے مطابق عدالت نے وقاص شاہ قتل کیس میں ایم کیو ایم کے سابق یونٹ انچارج سید آصف علی کو سزا ئے موت اور5لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر مزید ایک سال قید بھگتنا ہوگی جبکہ غیر قانونی اسلحہ میں بھی 7سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رینجرز نے نائن زیرو پر ریڈ کیا تھا جس پر احتجاج کے دوران آصف علی نے غیر قانونی اسلحہ سے فائرنگ کر کے اپنی ہی جماعت کے کارکن وقاص شاہ کو قتل کردیا تھا اور فرار ہو گیا تھا جس کو بعد میں رینجرز نے شہداد کو ٹ سے گرفتار کیا تھا اور آصف نے اعتراف جرم بھی کر لیا تھا ۔

لاہور اور گردونواح میں بارش ، متعدد علاقوں میں بجلی غائب ، فیڈر ٹرپ کر گئے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔

میڈیار پورٹس کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں گلبرگ ، ڈیفنس ، جوہر ٹاﺅن ، بحریہ ٹاﺅن ، علامہ اقبال ٹاﺅن ، سمن آباد ، چوبرجی ، داتا دربار ، ریلوے سٹیشن ، بادامی باغ، مغلپورہ ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں موسلاد ھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ۔
بارش کے بعد ٹھنڈی ہواﺅں نے موسم سہانا بنا دیا ہے اور لوگ موسم کا لطف اٹھانے کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں ، فوڈ سٹریٹس اور دیگر کھانے پینے والے مراکز میں لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے ۔ دوسری جانب بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں ۔ بارش شروع ہوتے ہیں وحدت روڈ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی ہے ، فیڈر ٹرپ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم بارش کم ہونے اور کئی علاقوں میں بارش رکنے کے باوجود بھی لیسکو کا عملہ تاحال بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے کیلئے نہیں پہنچ سکا ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں اگلے دو روزکے دوران مزید بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

کراچی: سکھن نالے میں تین خواتین ڈوب گئیں

کراچی(مانیٹرنگ)سکھن نالے میں خاتون اور اسکی دو بیٹیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سکھن نالے میں تین خواتین ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں جن کی لاشیں ایدھی کے غوطہ خوروں نے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
واقعے کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں اورایدھی کے غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے ڈوبنے والی دو بہنوں اور ان کی ماں کی لاشوں کو نکال لیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین نالے پر کپڑے دھو دہیں تھیں کہ ایک بچی پانی کے تیز بہاو¿ کے ساتھ بہہ گئی جس کو بچانے کیلئے اس کی ماں اور بہن نے بھی چھلانگ لگا دی تھی مگر وہ بھی ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں ۔

آرمی چیف کا کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم ،ہرحالت میں امن ہوگا، کوئٹہ دھماکے کا ہدف اقتصادی راہداری منصوبہ تھا: راحیل شریف


کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیدیااور واضح کیاہے کہ حساس ادارے ملک بھر میں دہشتگردوں کا پیچھاکریں اور کہیں بھی کارروائی کرسکتے ہیں ، کوئٹہ حملے کا ہدف پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تھا اور دہشتگردی کا مقصد بلوچستان کا سیکیورٹی صورتحال خراب کرنامقصد تھا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق کورہیڈکوارٹرمیں آرمی چیف نے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکریٹری بلوچستان ، کمانڈرسدرن لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کاکہناتھاکہ خیبرپختونخوامیں شدت پسندوں کو شکست ہوئی تو اُنہوں نے کے پی کے سے بلوچستان کا رخ کرلیا اور ان حملوں کا مقصد امن وامان کی خرابی تھی ، اصل ہدف پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تھا۔
اُنہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ امن وامان کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور دہشتگردی سے منسلک ہر شخص کو ٹارگٹ کیاجائے ۔ آرمی چیف حساس اداروں کے متعلقہ افسران پر واضح کیاکہ وہ ملک بھرمیں کہیں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں کے مجاذہیں اور ہرجگہ پیچھاکیاجائے ۔

Saturday, 6 August 2016

رحیم یار خان اور سانگلہ سے لاپتہ ہونے والے بچے لاہورپہنچ گئے ، پولیس نے پکڑ لیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے دو بچے لاہور سے مل گئے ۔

24نیوز کے مطابق پولیس نے سانگلہ اور رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے دو لاپتہ بچوں کو لاہور ریلوے سٹیشن سے برآمد کر لیا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 8سالہ رحیم کا تعلق سانگلہ سے ہے جبکہ 15سالہ فیضان پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کا رہائشی ہے جو چند روز قبل گھر چھوڑ کر لاہور آگئے تھے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے اہل خانہ کو اطلاع کر دی گئی ہے اور جلد دونوں بچے والدین کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

جہانگیر ترین نے 10 کروڑ 10 لاکھ روپے قرضہ معاف کرایا، سینیٹ میں رپورٹ جمع کرادی گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں سب سے زیادہ طاقتور سمجھے جانے والے رہنما جہانگیر خان ترین کے قرضے معاف کرانے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف تحریک چلانے اور سب سے زیادہ آواز بلند کرنے والی پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیرترین کے قرض معاف کرانے کی رپورٹ سینیٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے تاندلیاں والا شوگر مل پر زرعی ترقیاتی بینک سے قرض حاصل کیا اور پرویز مشرف دور میں 2005 میں بطور وفاقی وزیر 10کروڑ 10لاکھ روپے کا قرض معاف کرایا۔